منگلورو،16/ دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کسٹمز افسران اب تک سونے کی اسمگلنگ روکنے کے اقدامات پر زیادہ توجہ دے رہے تھے مگر اب انہوں نے چوکسی اور تفتیش کا دائرہ بڑھا کر قیمتی "آئی فونز" پر نظر رکھنا شروع کیا ہے۔
موجودہ قانون کے تحت بیرون ملک سے آنے والے ایک مرد مسافر کو 20 گرام اور خاتون مسافر کو 40 گرام سونا یا زیورات اپنے ساتھ لانے کی اجازت ہے ۔ اگر یہ مقدار اس سے زیادہ ہوئی تو متعلقہ مسافر کو کسٹمز ڈیوٹی ادا کرنا ہوتا ہے بصورت دیگر اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لیکن حالیہ دنوں میں مسافروں کی طرف سے اپنے ساتھ لائے گئے مہنگے آئی فونز پر اب کسٹمز نے تفتیش اور جانچ کا سلسلہ سخت کردیا ہے ۔ اور پچاس ہزار روپے مالیت سے زیادہ کے موبائل فونز لانے پر ڈیوٹی لگانا شروع کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اپنے ساتھ مہنگے آئی فونز لانے والے مسافروں کو قانونی طور پر 35 فیصد کسٹمز ڈیوٹی ادا کرنا ضروری ہے ۔ ورنہ ایک متعینہ مدت کے لئے انہیں یہ فون ایئر پورٹ پر جمع (سرینڈر) کروانا ہوگا اور بیرون ملک جاتے وقت ایئر پورٹ سے واپس لینا ہوگا ۔ اسی قانون کے اطلاق کے لئے اب کسٹمز افسران پوری طرح چوکس ہوگئے ہیں۔